Time 10 جولائی ، 2021
پاکستان

ایف آئی اے کا شہباز شریف کے الزام پر ردِ عمل سامنے آگیا

فائل فوٹو

ایف آئی اے لاہور نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے عدالت میں دیے گئے بیان پر رد عمل میں کہا ہے کہ شہباز شریف کو ہراساں نہیں کیا گیا۔

ترجمان ایف آئی اے لاہور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ شہباز شریف کو ہراساں کرنے یا بدتمیزی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، انہیں بڑی عزت کے ساتھ لایا گیا، دوران تفتیش چائے کافی بھی پیش کی گئی تاہم وہ کسی بھی سوال کا سنجیدہ جواب نہیں دیتے۔

ترجمان نے کہا کہ شہباز شریف سے سوال اکاؤنٹس میں اربوں روپے کی رقم جمع ہونے کا کریں تو جواب دیتے ہیں کہ انہوں نے میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین چلائی، پوچھیں کہ ملازمین نے اربوں روپے آپ کے اور فیملی کے اکاؤنٹس میں جمع کرائے تو کہتے ہیں کہ انہوں نے پنجاب کی بہت خدمت کی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے پوچھے کہ گاڑیاں اور پراپرٹی کیسے بنائی؟ تو شہباز شریف کہتے ہیں کہ اس کا جواب بچوں سے پوچھیں، بیرون ممالک سے بھجوائی گئی اربوں روپے کی رقم کے بارے میں کہتے ہیں کہ ان کے وکیل جواب دیں گے، اس طرح کے جوابات دیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ سوال و جواب ظاہر نہ کیے جائیں۔

مزید خبریں :