10 جولائی ، 2021
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے وفاقی تحقیقاتی ایجسنی ( ایف آئی اے) کی تفتیش کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف سے 8 افسران کے گروپ نے تفتیش کی اور تفتیش کے دوران ایف آئی اے کا ایک باوردی اہلکارکمرے میں داخل ہوا۔
ذرائع نے بتایا کہ تفتیشی ٹیم کے سربراہ نے باوردی ایف آئی اے اہلکارپرچلانا شروع کردیا اس دوران ایف آئی اے اہلکار سے سوالات اور شور شرابے پر شہبازشریف نے تفتیشی ٹیم سے احتجاج کیا۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ اگراس اہلکار سے آپ نے تفتیش کرنی ہے تو میں کمرے سے باہرانتظارکرلیتا ہوں اور میں بعد میں آ جاتا ہوں، پہلے آپ اس اہلکارپربرس لیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ میرے سامنے چیخنا چلانا بند کریں، یہ طریقہ نامناسب ہے۔
خیال رہے کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ایف آئی اے کی تفتیشی ٹیم پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
عدالت پیشی کے موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ان کے ساتھ ایف آئی اے کی تفتیشی ٹیم نے غیر مناسب رویہ رکھا اور بیہودہ گفتگو کی، جب پوچھا ایسا کیوں کر رہے ہیں تو ایف آئی اے افسران اونچی آواز میں ہنس کر مذاق اڑاتے رہے۔
دوسری جانب وفاقی تحقیقاتی ادارے نے شہباز شریف کے الزامات کی تردید کی ہے۔