13 جولائی ، 2021
پیرس: فرانس کے مسابقتی ادارے نے فرانسیسی اشاعتی اداروں کے ساتھ تنازع کے حل کے لیے نیک نیتی کے ساتھ مذاکرات کرنے میں ناکامی پر امریکی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل پر 50 کروڑ یوروز (9 ارب 41 کروڑ پاکستانی روپے) جرمانہ کردیا۔
امریکی خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق فرانسیسی اشاعتی اداروں اور گوگل کے درمیان خبروں کے استعمال کے عوض معاوضے کی ادائیگی کا تنازع جاری تھا۔
فرانسیسی مسابقتی ادارے نے گوگل کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ دو ماہ کے اندر ایسی تجاویز نہیں پیش کرسکا جن میں یہ بتایا جائے کہ وہ ناشر اور نیوز ایجنسیوں کو ان کے مواد کے عوض کس طرح ادائیگی کرے گا تو اس پر یومیہ 9 لاکھ یوروز کے حساب سے جرمانہ لگے گا۔
اس حوالے سے گوگل فرانس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انہیں فیصلے سے سخت مایوسی ہوئی، جرمانہ ان کی جانب سے کی جانے والی کوششوں اور اپنے پلیٹ فارم پر خبر کے استعمال سے متعلق حقائق کے برعکس ہے۔
گوگل کا کہنا ہے کہ وہ نہ صرف اس حوالے سے نیک نیتی کے ساتھ مذاکرات کررہا تھا بلکہ بعض اشاعتی اداروں کے ساتھ تو معاہدے کے بہت قریب بھی تھا۔
خیال رہے کہ دنیا بھر خاص طور پر یورپی یونین میں حکام گوگل و دیگر ٹیکنالوجی کمپنیوں کو اس بات کا پابند بنانا چاہتی ہیں کہ وہ اشاعتی اداروں کا مواد استعمال کرنے کے بدلے انہیں معاوضہ دیں۔
فرانس کی ایجنسی برائے انسداد اجارہ جاری نے گذشتہ برس اپریل میں گوگل کو حکم دیا تھا کہ وہ تین ماہ کے اندر خبر رساں اداروں سے مذاکرات کرے جس کی عدم تعمیل پر اب جرمانہ کیا گیا ہے۔