14 جولائی ، 2021
ہر لڑکی کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کی شادی اور شادی کی رسومات ہر حوالے سے یادگار ثابت ہوں اور اسی خواہش کو لے کر بھارتی دلہن نے ایک عجیب وغریب اقدام اٹھایا۔
بھارتی میڈیا پر ایک دلہن کی ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں دلہن کو شادی کی تقریب کے مقام پر جیپ کے اندر بیٹھ کر جانے کے بجائے بونٹ (bonnet) پر بیٹھے جاتے دیکھا جاسکتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دلہن کی دلچسپ انٹری کا واقعہ بھارتی شہر پونے میں پیش آیا جہاں عروسی لباس پہنے اور بغیر ماسک لگاکر بونٹ پر بیٹھی دلہن کو شادی کی تقریب کے لیے جاتا دیکھاجاسکتا ہے جب کہ بائیک پر بیٹھے دو افراد کو کیمرہ تھامے دلہن کی ویڈیو بناتے دیکھاجاسکتا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کے بعد دلہن سمیت دلہن کے رشتے دار بھی مشکل میں پڑگئے۔
بھارتی پولیس کی جانب سے دلہن اور اس کے رشتے داروں کے خلاف موٹر وہیکل ایکٹ کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کرلیا گیا جب کہ مقدمے میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں جس کے تحت دلہن سمیت رشتے داروں نے بھی ماسک نہیں لگایا ہوا۔