15 جولائی ، 2021
معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ملک میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر عیدالاضحیٰ پر پابندیوں کا عندیہ دیا ہے۔
جیو نیوز کے مارننگ شو جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ ڈیٹا بتا رہا ہے کہ ملک میں کورونا کی چوتھی لہر آ رہی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ این سی او سی روزانہ کی بنیاد پر فیصلے کرتی ہے اور موجودہ حالات بتا رہے کہ عیدالاضحیٰ بہت محدود پیمانے پر ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ جب بھی کوئی نیا ویرینٹ آتا ہے تو آسانی سے پھیلتا ہے، موجودہ بھارتی ویرینٹ 50 سے 60 فیصد تیزی سے پھیل رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کوئی بھی ویکسین 100 فیصد موثر نہیں ہوتی لیکن بہت ضروری ہے کہ تمام لوگوں کو کورونا ویکسین کی کم از کم ایک خوراک لگائی جائے، موجودہ ویکسین تمام ویرینٹس پر اثرانداز ہوتی ہے۔
سندھ حکومت کی جانب سے کورونا پابندیوں کی تائید کرتے ہوئے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کا فیصلہ بہتر ہے، میں ان فیصلوں سے متفق ہوں کیونکہ کراچی میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 19 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ سفر کرنے کے لیے کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ ضروری ہو گا اور جلد کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے مسائل بھی حل ہو جائیں گے، اگست سے اندرون ملک سفر کے لیے بھی کورونا سرٹیفکیٹ دکھانا ہو گا۔