16 جولائی ، 2021
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ داسو واقعے کی تحقیقات کیلئے تمام کوششیں بروئے کار لائی جائیں گی۔
سرکاری خبر رساں ادارے ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور چینی ہم منصب لی کی چیانگ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں عمران خان نے چینی وزیراعظم سے داسو کے قریب افسوسناک واقعے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں چینی شہریوں کی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے لہٰذا واقعے کی تحقیقات کیلئے تمام کوششیں بروئے کار لائی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ دشمن قوتوں کو برادرانہ تعلقات کو نقصان پہنچانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، چین اور پاکستان آہنی دوستی کے بندھن میں بندھے ہیں اور دشمن عناصر کو پاک چین برادرانہ تعلقات کو نقصان نہیں پہنچانے دیں گے۔