16 جولائی ، 2021
آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر علی امین گنڈاپور کو آزاد کشمیر کی حدود سے چلے جانےکا حکم دے دیا۔
آزاد کشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے چیف سیکرٹری کو خط لکھ دیا گیا ہے جس کے مطابق علی امین گنڈاپور کی جلسے جلوسوں میں شرکت اور تقریر پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر کی آزاد کشمیر میں تقریر سے امن وامان کا مسئلہ پیدا ہو رہا ہے۔
آزاد کشمیر الیکشن کمیشن کا کہنا ہےکہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر پی ٹی آئی کے امیدواروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے چیف سیکرٹری کو حکم دیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی ہدایات پر فوری عمل درآمد کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز علی امین گنڈاپور کے قافلے پر مشتعل افراد نے پتھراؤ کیا تھا اور انڈے بھی پھینکے تھے۔
واقعے کے خلاف 4ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہےکہ حملےمیں ملوث مزید 10افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپےجاری ہیں۔
پولیس کے مطابق منظم منصوبےکےتحت قافلےکاراستہ روک کر پتھراؤ کیا گیا جب کہ وفاقی وزیرکے پرائیویٹ گارڈز کی جانب سے فائرنگ بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔