18 جولائی ، 2021
پاکستان پیپلز پارٹی نے اسلام آباد میں افغان سفیر کی بیٹی کے اغوا اور اس پر تشدد کے واقعے پر وزیر داخلہ شیخ رشید سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا۔
اپنے ایک بیان میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے افغان سفیر کی بیٹی کےساتھ وفاقی دارالحکومت میں پیش آنے والے واقعے پر تشویش کا اظہار کیا۔
بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے وزیر داخلہ سے مستعفی ہونے اور واقعے میں ملوث عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچا نے کا مطالبہ کیا گیاہے۔
خیال رہے کہ پاکستانی حکام 16جولائی کو افغان سفیر کی بیٹی کے ساتھ پیش آئے واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان سفیر کی بیٹی کے ساتھ پیش آئے واقعے کی تحقیقات تیزی سے جاری ہیں اور واقعے کی تحقیقات سے متعلق افغان حکومت کو آگاہ رکھا جارہا ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے وزیر داخلہ شیخ رشید کو 48 گھنٹوں میں ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا تھا۔
بعدازاں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اپنے بیان میں بتایا کہ افغان سفیر کے اغوا میں دو ٹیکسی ڈرائیور ملوث ہیں۔