Time 18 جولائی ، 2021
پاکستان

افغان سفیر کی بیٹی کو اغوا نہیں کیا گیا، یہ عالمی سازش اور را کا ایجنڈا ہے، شیخ رشید

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ افغان سفیر کی بیٹی کو اغوا نہیں کیا گیا بلکہ یہ عالمی سازش اور را کا ایجنڈا ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھاکہ افغان سفیر کی بیٹی نے پہلےکہا کہ موبائل فون لے گئے پھر فون دے دیا لیکن ڈیٹا ڈیلیٹ کرکے دیا، سی سی ٹی وی ویڈیو دیکھی ہے جس میں 2 نہیں تین ٹیکسیاں تھیں، لڑکی نے دامن کوہ سے تیسری ٹیکسی لی لیکن گھر نہیں گئی۔

انہوں نے کہا کہ تین سی سی ٹی وی ویڈیو ہیں چوتھی ویڈیو کی تلاش ہے، لڑکی گھر سے پیدل نکلی کھڈا مارکیٹ سے آکر ٹیکسی لی، ویڈیو ہے جس کے مطابق لڑکی کھڈامارکیٹ سے ٹیکسی میں دامن کوہ گئی اور ویڈیوکے مطابق لڑکی دامن کوہ سےراولپنڈی گئی جہاں سے لڑکی نےتیسری ٹیکسی لی۔

لڑکی اب مان ہی نہیں رہی کہ راولپنڈی گئی تھی، وزیرداخلہ

وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ ہمارے پاس سارے ٹیکسی ڈرائیور کے مالکان ہیں، ہم اور فوٹیج حاصل کر رہے ہیں کہ لڑکی گکھڑ پلازاکے سامنے کھڑی ہے، لڑکی راولپنڈی سے دامن کوہ گئی، راستے میں گھرآتاتھا وہاں اترسکتی تھی، دامن کوہ سے ایف نائن پارک گئی، ایف نائن پارک میں لڑکی نے چار ٹیکسیاں انگیج کیں، لڑکی کو اغوا نہیں کیا گیا بلکہ ان کے کہنے پر پرچہ کاٹاہے۔

ان کا کہنا تھاکہ لڑکی اب مان ہی نہیں رہی کہ راولپنڈی گئی تھی، لڑکی آن لائن ٹیکسی میں نہیں گئی سادی ٹیکسی میں گئی، راولپنڈی گکھڑ پلازا سے آگے کی فوٹیج نہیں مل رہی جبکہ دامن کوہ سے لڑکی نے انٹرنیٹ بھی استعمال کیا۔

اب یہ انویسٹی گیشن سے بھاگ جائیں گے، شیخ رشید

وزیرداخلہ نے بتایا کہ چوتھی گاڑی کی تلاش ہےایف نائن کس گاڑی میں آئی اورکس کےساتھ آئی؟ انہیں علم نہیں تھاکہ ہمارے پاس ویڈیو ہے اور اب یہ انویسٹی گیشن سے بھاگ جائیں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھاکہ یہ حساس معاملہ ہے اور بھارت دنیا میں پاکستان کو بدنام کر رہاہے، یہ انٹرنیشنل ریکٹ ہے اور را کا ایجنڈا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا اور تشدد کا معاملہ سامنے آیا تھا۔

ذرائع کے مطابق حکام 16جولائی کو افغان سفیر کی بیٹی کے ساتھ پیش آئے واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں جبکہ اس معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے وزیر داخلہ شیخ رشید کو 48 گھنٹوں میں ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔

افغان وزارت خارجہ نے بیان میں پاکستان سے سفارتی عملے کو تحفظ دینےکا مطالبہ کیا تھا اور بیان میں یہ بھی کہا تھا کہ افغان سفیر کی بیٹی کو اغوا اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

مزید خبریں :