21 جولائی ، 2021
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہےکہ ا فغان سفیرکی بیٹی کے مبینہ اغوا کی تحقیقات کے بعد نتیجےکے قریب پہنچ چکے ہیں۔
ملتان میں نماز عید کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغان سفیر کی بیٹی کی تسلی کے مطابق ایف آئی آر درج کی گئی، افغان سفیر کی بیٹی جن ٹیکسیوں میں بیٹھی ان کے ڈرائیورز کے بیانات ریکارڈ کیے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ 700 گھنٹوں کی فوٹیج کا جائزہ لیا گیا اور 250 کے قریب افراد سے شفاف پوچھ گچھ کی گئی تاہم اب ہم نتیجے کے قریب تک پہنچ چکے ہیں،حتمی نتیجے تک پہنچنےکے لیےافغان سفیر اور ان کی صاحبزادی کا تعاون درکار ہے۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ دہشت گردی کو کنٹرول کرنے کے لیے جاسوس نیٹ ورک استعمال ہوتا ہے، لوگوں نے جاسوس نیٹ ورک کو کسی اور مقاصد کے لیے استعمال کیا۔
فنانشل ایکشن ٹاسک فورس سے متعلق بھارتی وزیر خارجہ کے بیان کے حوالے سے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر خارجہ کا بیان بلی تھیلے سے باہر آنے کے مترادف ہے، بھارت امن کےعالمی ایجنڈے میں رکاوٹ ہے اور افغانستان کی زمین استعمال کرنا چاہتا تھا تاہم ہم ان قوتوں کو بے نقاب کریں گے جو چین اور پاکستان کے تعلقات متاثر کرنا چاہتے ہیں، بھارت اپنے مفادات کی خاطر خطے کا امن خراب نہ کرے۔
شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ کل چین روانہ ہو رہا ہوں، ایک دو روز میں اہم رہنماوں سے ملاقاتیں ہوں گی، دشمن سی پیک کو متنازع بنانے کے لیے افواہیں پھیلاتے ہیں، ہم ان قوتوں کو بے نقاب کریں گے جو چین اور پاکستان کے تعلقات متاثر کرنا چاہتے ہیں۔
آزاد کشمیر الیکشن سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے تحفظات کا اظہار سمجھ سے بالا ہے، آزاد کشمیر کی انتظامیہ مسلم لیگ ن کے وزیراعظم کو جوابدہ ہے ، آزاد کشمیر میں ن لیگ حکومت کے سیٹ اپ میں ہی انتخابات ہو رہے ہیں، دھاندلی کے خدشات کا اظہار مسلم لیگ ن کا آزاد کشمیر حکومت پر عدم اعتماد ہے۔