دنیا
Time 22 جولائی ، 2021

چین: بارشوں کا ایک ہزار سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، 25 افراد ہلاک

فوٹو: اے پی
فوٹو: اے پی

چین میں بارشوں کا ایک ہزار سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا جب کہ بارشوں سے اب تک 25 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق چین میں گزشتہ تین روز کے دوران ہونے والی خطرناک بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، بارشوں سے گاڑیاں، گلیاں اور اسٹیشنز پانی میں ڈوب گئے ہیں۔

چینی خبر رساں ادارے نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں ژینگ ژو شہر کی میٹرو کو پانی میں ڈوبے دیکھا جاسکتا ہے جب کہ متعدد مسافر بھی اس میں پھنسے ہوئے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہےکہ ایک کروڑ سے زائد آبادی والے ژینگ ژو شہر میں عوام ریسکیو اداروں کے منتظر ہیں۔

چین میں ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں اب تک 25 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں 12 سب وے پسنجر بھی شامل ہیں جب کہ چینی صوبے ہینان میں بارشوں کا ایک ہزار سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔

حکام کے مطابق ژینگ ژو شہر میں ہفتے سے منگل کے دوران 617.1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جو شہر میں بارش کی سالانہ اوسط 640 کے قریب ہے۔

مقامی میڈیا کا بتانا ہےکہ بارشوں سے ایک ملین سے زائد لوگ بری طرح متاثر ہوئے ہیں اور ایک لاکھ 60 ہزار سے زائد شہری نقل مکانی پر مجبور ہیں جب کہ اب تک 7 افراد لاپتا ہیں۔

بارشوں سے گلیاں، ہوٹلز اور بڑی تعداد میں عمارتوں میں بھی پانی داخل ہوچکے ہیں جب کہ اسٹیشنز ڈوب چکے ہیں جس کے نتیجے میں پبلک ٹرانسپورٹ بھی مکمل طور پر بند ہے۔

چینی محکمہ موسمیات کے حکام نے ہینان صوبے میں آئندہ تین روز میں مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔

چینی صدر نے ژینگ ژو شہر میں ریسکیو کارروائیوں کے لیے 5700 فوجی تعینات کردیے ہیں۔

مزید خبریں :