22 جولائی ، 2021
ممبئی: بالی وڈ اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا کی فحش فلمیں بنانے اور مختلف پلیٹ فارمز پر اسے تقسیم کرنے کے الزام میں گرفتاری کے بعد پولیس نے ملزم کے گھر پر چھاپہ مار کر متعدد عریاں ویڈیوز سمیت سرور بھی ضبط کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم راج کندرا تفتیش کے دوران پوچھے گئے سوالات کا جواب دینے سے گریز کر رہے تھے اس لیے ان کے گھر پر چھاپہ مارا گیا جہاں سے ان کے سابق اسسٹنٹ امیش کامت کی جانب سے مختلف پروڈکشن ہاؤسز کی مدد سے بنائی گئیں 70 سے زائد فحش ویڈیوز بر آمد ہوئی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس اس سرور کو فرانزک تجزیہ کیلئے بھیجے گی تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ راج کندرا نے اس سرور کو استعمال کرتے ہوئے فحش مواد ابرطانیہ میں اپنی شیل کمپنی ’کِن رِن‘ میں اپ لوڈ کیں یا نہیں۔
پولیس نے راج کندرا کے ساتھیوں اور کمپنی کے گذشتہ دو سالوں کے تمام بینک اکاؤنٹس کا ریکارڈ حاصال کرنے کیلئے تمام بینکوں کو خط جاری کردیے ہیں۔
ایک بیان میں پولیس کا کہنا ہے کہ واٹس ایپ پر کندرا اور پرادیپ بخشی کے مابین بات سے ظاہر ہوا ہے کہ کندرا قوانین کی خلاف ورزی کرنے سے متعلق آگاہ تھے، گذشتہ برس گوگل اور ایپل نے کندرا کی ہوٹ شاٹس نامی ایپلی کیشن کو دو ماہ کے وقفے سے معطل کردیا تھا جس پر کندرا نے اپنے ساتھی کو دو تین ہفتے بعد دوسرے منصوبے پر کام شروع کرنے کا اشارہ دیا تھا۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پولیس نے ویان انڈسٹریز اور جے ایل اسٹریم کے آفس میں تلاشی کے دوران راج کندرا اور پردیپ بخشی کے درمیان معاہدے کے دستاویزات سمیت واٹس ایپ پر فحش ویڈیوز اپ لوڈ کرنے پر ادائیگی کی رقوم کے حوالے سے بھی شواہد ضبط کرلیے ہیں۔
واضح رہے کہ 2012 میں راج کندرا کی جانب سے ٹوئٹس کی گئی تھیں جو آج کل سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہو رہی ہیں جس میں لکھا گیا تھا کہ اداکار کرکٹ کھیل رہے ہیں، کرکٹرز سیاست کررہے ہیں، سیاستدان فحاشی دیکھ رہے ہیں اور فحش اسٹار اداکار بن رہے ہیں۔
خیال رہے کہ 45 سالہ راج کندرا سمیت دیگر 11 لوگوں کو فحش فلمیں بنانے اور پھر موبائل ایپس پر پھیلانے کی وجہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ راج کندرا کم سے کم دو برس سے فحش فلموں کا کام کررہے تھے۔