22 جولائی ، 2021
بھارتی فلم ڈائریکٹر پریا درشن نے بڑی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بالی وڈ اسٹار شاہ رخ خان سمیت سلمان خان اور اکشے کمار کا فلمی دور ختم ہو رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 64 سالہ بالی وڈ فلمساز کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں ناظرین غیر مستند فلموں کو مسترد کردیتے ہیں کیونکہ انڈسٹری اب تبدیل ہوچکی ہے تاہم ان تمام لوگوں کو خدا کا شکر ادا کرنا چاہیے چاہے و شاہ رخ ہوں، سلمان یا اکشے کہ وہ سپر اسٹار ہونے کا لطف اب بھی اٹھا رہے ہیں کیوں کہ آنے والے دور میں سپر اسٹار اداکار نہیں بلکہ فلم کا مواد ہوگا۔
چار دہائیوں سے مختلف نوعیت کی سپر ہٹ فلمیں بنانے والے پریا درشن نے کہا کہ موجودہ دور کی فلمیں حقیقت پسندانہ موڑ لے رہی ہیں، اب چاہے وہ مزاحیہ ہو ں یا ایک سنجیدہ، فلم بنانے والے کو صحیح نظر آنا چاہیے۔
ڈائریکٹر کا مزید کہنا تھا کہ انہیں نہیں لگتا اب کوئی قابل اعتماد دکھائی دینے والی فلم ناکامی کا شکار ہوسکتی ہے۔
خیال رہے کہ بھارتی فلمساز پریادرشن نے اپنے کیریئر کا آغاز 1980 کی دہائی میں ملیالم اور تامل فلم انڈسٹری سے کیا تھا جس کے بعد انہوں نے سنہ 2000 میں سپر ہٹ فلم ’ہیرا پھیری‘ میں ڈائریکشن کر کے انڈسٹری میں انٹری دی۔
واضح رہے کہ پریادرشن بالی وڈ کے نامور اداکاروں بشمول شاہ رخ خان کے ساتھ 2007 میں ’بلو باربر‘ نامی فلم جبکہ سلمان خان کے ہمراہ ’کیوں کی‘ اور اکشے کمار کے ساتھ ’ہنگامہ، گرم مصالحہ اور ہیرا پھیری‘ سمیت دیگر فلموں کو ڈائریکٹ کرچکے ہیں۔