23 جولائی ، 2021
کراچی: سندھ حکومت نے ویکسی نیشن نہ کرانے والے افراد کی موبائل سمز بند کرنے کے لیے وفاق کے ذریعے پی ٹی اے کو خط لکھنے کا فیصلہ کرلیا۔
سندھ کورونا ٹاسک فورس نے صوبے میں کورونا کیسز کی شرح 10 فیصد اور کراچی میں کیسز کی شرح 25 فیصد سے تجاوز کرنے پر ایک بار پھر پابندیاں لگانے کافیصلہ کیا ہے۔
کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ جن سرکاری ملازمین نے کورونا ویکسین نہیں لگوائی ان کی تنخواہیں آئندہ ماہ سے بند کرنے کے لیے اقدامات کئے جائیں گے۔
اس سلسلے میں وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ جو لوگ ایک ہفتے میں ویکسین نہ کروائیں ان کی موبائل سم بلاک کیاجائے جب کہ اگلے مہینے سے ویکسین نا لگانے والے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں روکی جائیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اس ضمن میں سیکرٹری فنانس کو اے جی سندھ سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے بھی اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ ویکسی نہ لگوانے والے افراد کی موبائل سم بند کرنے کے لیے این سی او سی اور پی ٹی اے کو خط لکھا جائے گا۔