23 جولائی ، 2021
بھارتی عدالت نے فحش فلمیں بنانے کے کیس میں مرکزی ملزم راج کندرا کو27 جولائی تک پولیس کی تحویل میں رکھنے کا حکم دے دیا۔
45 سالہ راج کندرا کوجمعے کے روز کو ممبئی میں مقامی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت کی جانب سے راج کندرا کو 27 جولائی تک پولیس کی تحویل میں رکھنے کی توسیع کردی گئی۔
اس سے قبل عدالت نے فحش فلمیں بنانے کے کیس میں مرکزی ملزم راج کندرا کو 23 جولائی تک پولیس کی تحویل میں دیا تھا۔
ممبئی پولیس نے عدالت کو بتایا کہ انہیں شک ہے کہ راج کندرا فحش فلموں سے حاصل کی گئی رقم آن لائن جوئے میں استعمال کر رہے تھے ، اسی وجہ سے ان کے بینک اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال کی جانی چاہیے۔
ممبئی کے جوائنٹ پولیس کمشنر کے مطابق راج کندرا مبینہ طور پر فحش فلموں کو 'ہاٹ شاٹس' ایپ پر نشر کرتے تھے۔
پولیس کمشنر نے مزید کہا کہ فحش مواد نشر کرنے والی ایپ کو ایپل اور گوگل پلے اسٹور سے ہٹا دیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں خود راج کا کہنا ہے کہ انہوں نے 2019 میں ‘ہاٹ شاٹس’ نامی ایپ 25000 ڈالر میں فروخت کردی تھی۔
یاد رہے کہ بالی وڈ اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا کو پیر کے روز فحش فلمیں بنانے اور پھر موبائل ایپس پر پھیلانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔