23 جولائی ، 2021
سابق سفارت کار شوکت مقدم نے بیٹی نور مقدم کے قتل پر انصاف دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
مقتولہ نور مقدم کے والد شوکت مقدم نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان، شہباز گل، شیریں مزاری کا شکریہ جنہوں نے واقعے کا نوٹس لیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایسا کیس نہیں کہ ملزم فرار ہوا بلکہ ملزم پکڑا گیا اور اسلحے کے ساتھ پکڑا گیا، قاتل ایک پاگل آدمی نہیں ہے، وہ کمپنی کا ڈائریکٹر رہا۔
شوکت مقدم کا کہنا تھاکہ اگرایک پاگل کو کمپنی کا ڈائریکٹر لگایا تو ماں باپ کو بھی تفتیش کا حصہ بنانا چاہیے۔
سابق سفارتکار کا کہنا تھاکہ میری بیٹی بہت پیاری اور نرم دل تھی، کل سے ہمارا خاندان بری طرح رو رہا ہے، میں سفیر رہا اور میں انصاف چاہتا ہوں، یہ ایک صاف کیس ہے اور قاتل سامنے کھڑا ہے، جب قتل کیا گیا قاتل کے چوکیدار نے بھی دیکھا۔
علاوہ ازیں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے مقتولہ کے لواحقین سے تعزیت کی اور انصاف دلانے کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ذاتی طورپرنورمقدم کے معاملے کو دیکھ رہے ہیں، پولیس واقعے کی میرٹ پر تحقیقات کرے گی۔
خیال رہے کہ 20 مئی کو تھانہ کوہسار کی حدود ایف سیون فور میں 28 سالہ لڑکی نور مقدم کو تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا تھا۔