25 جولائی ، 2021
آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے الیکشن میں حلقہ ایل اے 35 جموں 2 (گوجرانوالہ) سے مسلم لیگ ن کے امیدوار اسماعیل گجرکی جانب سے بھارت کو مدد کے لیے پکارنے کے بیان کی وضاحت سامنے آگئی۔
ن لیگی امیدوار اسماعیل گجر نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا جس کی وہ مذمت کرتے ہیں۔
اسماعیل گجر کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستان کے حوالے سے کچھ نہیں کہا بلکہ حکومت کے کردار پر تنقید کی، وہ انتظامیہ سے مخاطب تھے کہ وہ کس کو پکاریں ، کیا کریں ۔
خیال رہےکہ گوجرانوالہ میں گورنمنٹ ہائی اسکول نمبر2 میں قائم پولنگ اسٹیشن میں ڈپٹی کمشنر کی جانب سے اپنے پولنگ ایجنٹوں کو باہر نکال دیے جانے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اسماعیل گجر کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر نے میرے پولنگ ایجنٹ باہر نکالے اور انہیں دھمکیاں بھی دیں، اگرپرامن پولنگ چلنے دینا ہے تو ٹھیک، ورنہ ہم بھی گڑ بڑ کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے بات نہ سُنی تو مدد کے لیے بھارت کو پکاریں گے، پولیس بھی موجود تھی لیکن کسی نے کیمپ اُکھاڑنے والوں کو نہیں روکا، اُدھر کشمیریوں کو بھارت والے مارتے ہيں ، اِدھر یہ ہمارے کیمپ اکھاڑ کر پھینک دیتے ہیں ۔