26 جولائی ، 2021
بھارتی ٹی وی انڈسٹری کے نامور اداکار کرن کندرا کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر کچھ صارفین فحش فلمیں بنانے کے الزام پر راج کندرا کے بجائے مجھ پر تنقید کررہے ہیں جس سے میری ساکھ کو نقصان پہنچ رہا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کرن کندرا نے کہا کہ جب میں سو کر اٹھا اور ٹوئٹر دیکھا تو مجھے سمجھ نہیں آیا کہ یہ ہوا کیا ہے، لوگ سمجھ رہے ہیں کہ شاید پولیس نے مجھے گرفتار کیا ہے اور میں فحش فلمیں بنانے کے تنازع کا مرکزی کردار ہوں، اسی لیے راج کی جگہ میری تصاویر اور نام استعمال ہورہا ہے، لوگ مجھے ٹیگ کرکے ٹوئٹ کررہے ہیں۔
اداکار نے بتایا کہ لوگ میرے لیے غلط زبان استعمال کرنا شروع ہوگئے ہیں۔
کرن کندرا کا کہنا تھا کہ میں نے ایک آرٹیکل دیکھا جس کی ہیڈ لائن تھی کہ 'کرن کندرا کو فحش فلمیں بنانے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے' ، اس کے اسکرین شاٹ اب بھی میرے پاس موجود ہیں۔
انہوں نے پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر لوگ یہ پڑھیں گے تو وہ بغیر حقائق جانے یہ ہی سمجھیں گے کہ یہ سب میں نے کیا ہے۔