26 جولائی ، 2021
وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے آزاد کشمیر انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی شاندار کامیابی عوام کا وزیراعظم عمران خان پر غیر متزلزل اعتماد کا اظہار ہے۔
آزاد کشمیر انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی کے بعد سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں فواد چوہدری نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن اپنی قیادت اور سیاست دونوں پر نظرثانی کرے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ آصف زرداری اور نواز شریف کو لوگ قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں، متبادل قیادت کا وقت ہے، محب سے ملاقاتیں کرنے والوں کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ شکریہ کشمیر، یہ عمران خان کے نظریے کی فتح ہے۔
سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ووٹ عمران خان کے نام پر پڑا، اس فتح کا سارا کریڈٹ آزاد کشمیر کے باشعور عوام کو جاتا ہے، کشمیریوں نے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو مسترد کر دیا، کشمیر میں حقیقی تبدیلی آئے گی۔