کھیل
Time 26 جولائی ، 2021

13 سالہ ایتھلیٹ جاپان کی کم عمر ترین اولمپک گولڈ میڈلسٹ بن گئیں

ٹوکیو  اولمپکس میں اسکیٹ بورڈنگ کے مقابلے میں 13 سالہ مومیجی نشیا گولڈ میڈل جیت کر جاپان کی کم عمر ترین اولمپک گولڈ میڈلسٹ بن گئیں۔

ایونٹ میں خواتین اسٹیرٹ اسکیٹ بورڈنگ کے مقابلے منعقد ہوئے جس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جاپانی ایتھلیٹ مومیجی نشیا نے گولڈ میڈل  حاصل کیا جبکہ ان کی ہم عمر برازیل کی نمائندگی کرنے والی کھلاڑی رائسا لیل نے چاندی  اور جاپان کی نکیاما کانسی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب ہوئیں۔

نشیا نے کہا کہ کھیل کے شروع میں ٹھوکر کھانے کے علاوہ  پہلی دو چالیں کامیاب  نہیں ہوئیں لیکن آخری تین چالوں کے بعد چوتھی چال میں انہیں 4.66 پوائنٹس حاصل ہوئے جس میں انہیں برازیل کی کھلاڑی پر برتری حاصل ہوئی۔

13 سالہ کھلاڑی کا کہنا تھا کہ جیت کا احساس ہونے کے بعد  انہیں بے حد خوشی ہوئی اس لیے ان کی آنکھیں بھی نم ہوگئیں تھیں۔

دوسری جانب کھیل میں نشیا کی ساتھی اوری نیشمورا کو مشکلات کاسامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے وہ  کامیابی نہیں سمیٹ سکیں۔

اپنے ملک کیلئے کانسی تمغہ جیتنے والی نکیاما کا کہنا ہے کہ مقابلے میں جتنے زیادہ حریف ہوں گے کھیل میں اتنا ہی مزہ آئے گا، جاپانی کھلاڑی کی کامیابی کے بعد امید ہے  دیگر خواتین بھی اسکیٹ بورڈنگ میں حصہ لیں گی۔

ٹوکیو اولمپکس 2020 میں چین 18 تمغے اپنے نام کرکے سرفہرست جبکہ امریکا دوسرے اور جاپان تیسرے نمبر پر ہے۔

13 سالہ ایتھلیٹ جاپان کی کم عمر ترین اولمپک گولڈ میڈلسٹ بن گئیں


مزید خبریں :