کھیل
Time 26 جولائی ، 2021

'مد مقابل کھلاڑیوں والی سہولتیں مجھے بھی ملتیں تو میڈل جیت جاتا'

ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کے ویٹ لفٹر طلحہ طالب اتوار کو میڈل کے بہت قریب آگئے تھے  لیکن صرف دو کلوگرام کے فرق کی وجہ سے وہ ایک یقینی تمغے سے محروم رہ گئے  اور  پانچویں پوزیشن پر آئے۔

تمام پاکستانیوں کے دل جیتنے والے  ویٹ لفٹر طلحہ طالب نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صرف دو کلو گرام سے میڈل نہ جیت سکا،  مد مقابل کھلاڑیوں کو جو سہولتیں میسر تھیں اگر مجھے بھی ملتیں تو میڈل جیت جاتا ۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ  لوگوں کی دعاؤں کے بغیر میرے لیے یہ سفر ممکن نہ تھا   جن لوگوں نے سپورٹ کیا ان کا شکر گزار ہوں ۔

علاوہ ازیں  طلحہ کا کہنا تھا کہ مستقبل میں بہتر پرفارمنس کرکے پاکستان کا نام روشن کروں گا۔

 واضح رہے  21 سالہ طلحہ طالب کا تعلق گوجرانوالہ سے ہے، طلحہ طالب نے کامن ویلتھ چیمپئن شپ اور انٹرنیشنل سالیڈیریٹی چیمپئن شپ میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈلز جیتے جب کہ آسٹریلیا میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں بھی شاندار کارکردگی دکھائی تھی۔

علاوہ ازیں اس سال ہونے والی ایشین ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ میں انہوں نے کانسی کا تمغہ جیتا تھا جس کے بعد انہیں ٹوکیو اولمپکس میں وائلڈ کارڈ پر شرکت کیلئے منتخب کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :