Time 27 جولائی ، 2021
انٹرٹینمنٹ

'خواتین کو ہراساں کرنیوالوں کی نشاندہی کریں‘، صبا قمر کا مردوں سے مطالبہ

فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ صبا قمر نے تمام مردوں کو مخاطب کرتے ہوئے ان سے خواتین کو ہراساں کرنیوالے مردوں کی نشاندہی کا مطالبہ کیا ہے۔

صبا قمر نے انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کی اور لکھا کہ کسی نے کہا ہم تمام خواتین اگلا ہیش ٹیگ بننے کیلئے محض ایک درندہ صفت مرد کی دوری پر ہیں اور اس بات نے میری ریڑھ کی ہڈی میں کپکپی طاری کردی۔

خواتین کو ہراساں کرنیوالوں کی نشاندہی کریں‘، صبا قمر کا مردوں سے مطالبہ

معاشرے میں خواتین پربڑھتے تشدد اور قتل کے واقعات کے تناظر میں اداکارہ نے تمام مرد مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ اگر آپ سچے مرد ہیں اور اپنی زندگی میں کبھی بھی کسی عورت کی پرواہ کی ہے تو اپنے دوست احباب میں سے ایسے سفاک مردوں کی سرِعام نشاندہی کریں جو خواتین پر تشدد یا انہیں ہراساں کرنے جیسے خیالات کو اپنے ذہنوں میں رکھتے ہیں۔

اداکارہ نے مردوں سے کہا کہ برائے مہربانی یہ بھائی بھائی کا کھیل بند کریں، اگر آپ سرِعام ان افراد کا نام نہیں لے سکتے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ انہیں تحفظ فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

صبا قمر کی جانب سے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ بھی شیئر کی گئی جس میں انہوں نے اسلام آباد میں بے رحمی سے قتل کی جانیوالی سابق سفیر کی بیٹی نور مقدم کو انصاف دِلانے کیلئے آواز اٹھائی۔

اداکارہ نے سوالیہ انداز میں کہا کہ یہ پہلی بار نہیں جب کوئی معصوم زندگی یوں ختم کردی گئی ہو، سوال یہ ہے کہ ہم کب تک اس بدصورت پہلو کو نظر انداز کرکے زندگی میں آگے بڑھتے رہیں گے؟

مزید خبریں :