Time 28 جولائی ، 2021
پاکستان

ضمانت منظور کروانے والے پی ٹی آئی ایم پی اے دوسرے مقدمے میں گرفتار

گزشتہ روز ضمانت منظور کروانے والے پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کو ایف آئی اے نے آج سائبر کرائم کے دوسرے مقدمے میں گرفتار کر لیا۔

 گزشتہ روز عدالت نے ایم پی اے نذیر چوہان کی ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی تھی، نذیر چوہان کے پرسنل اسسٹنٹ کی جانب سے مچلکے جمع کروائے جانے کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ نے ان کی رہائی کی روبکار جاری کی تھی۔

تاہم رکن پنجاب اسمبلی کی رہائی سے قبل ہی ایف آئی اے کے سائبر کرائم یونٹ نے نذیر چوہان کو ایک دوسرے مقدمے میں گرفتار کر لیا۔

ایف آئی اے کے سائبر کرائم یونٹ نے نذیر چوہان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا، مقدمے میں مزید دو افراد جاوید بٹ اور وسیم راجا کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے مشیر شہزاد اکبر نے نذیر چوہان کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی تھی۔

ایف آئی آر کے مطابق نذیر چوہان نے سوشل میڈیا پر شہزاد اکبر کے خلاف نفرت انگیز تقریر کی، ایف آئی آر میں جاوید بٹ اور وسیم راجا کو سوشل میڈیا کا صحافی بتایا گیا ہے۔

شہزاد اکبر کا ایف آئی آر میں کہنا تھا کہ نذیر چوہان نے میرے مذہبی عقائد کو نشانہ بنایا۔

ایف آئی اے کے مطابق سائبر کرائم ونگ کی انکوائری میں ثابت ہوا کہ نذیر چوہان نے شہزاد اکبر سے متعلق افواہ پھیلائی۔

مزید خبریں :