01 اگست ، 2021
پاکستان کے قومی چیمپیئن اور ساؤتھ ایشین گیمز کے گولڈ میڈلسٹ شوٹر غلام مصطفیٰ بشیر نے ٹوکیو اولمپکس میں25 میٹر ریپڈ فائر پسٹل کوالیفائرز کے پہلے روز شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور چھٹی پوزیشن پر جگہ بنائی۔
ٹوکیو اولمپکس میں اتوار کو25 میٹر ریپڈ فائر پسٹل کے کوالیفائرز کا پہلا مرحلہ ہوا جس میں شوٹرز نے 30 شاٹس کھیلے۔
پاکستان کے ٹاپ شوٹر غلام مصطفیٰ بشیر 293 پوائنٹس کے ساتھ مجموعی طور پر چھٹی پوزیشن پر ہیں جبکہ خلیل اختر 286 پوائنٹس کے ساتھ 16 ویں پوزیشن پر ہیں۔
پیر کو تمام 27 شوٹرز دوسرے اسٹیج میں مزید 30 شاٹس کا مقابلہ کریں گے جس کے بعد ٹاپ6 شوٹرز میڈل اسٹیج کیلئے کوالیفائی کریں گے۔
پہلے روز کے مقابلوں میں شوٹرز نے 5، 5 شاٹس کی 6 سیریز مختلف ٹائم بریکٹس میں کھیلیں اور ہر ٹائم بریکیٹ میں دو سیریز کھیلی گئیں۔
غلام مصطفیٰ بشیر نے پہلے 8 سیکنڈز کی سیریز میں99 پھر 6 سیکنڈز کی سیریز میں 98 اور پھر 4 سیکنڈز کی سیریز میں96 پوائنٹس حاصل کیے۔
اس کے علاوہ خلیل اختر نے پہلی سیریز میں98 دوسری میں 96 اور تیسری میں92 پوائنٹس حاصل کیے۔
پہلے اسٹیج کے اختتام پر 2018 کے عالمی چیمپیئن فرانس کے کلیمنٹ بیساگوائے پہلی پوزیشن پر ہیں۔