02 اگست ، 2021
وفاقی وزیر علی زیدی کا کہنا ہےکہ آئل اینڈ گیس کمپنی ایگزون موبل نے شاہد خاقان اور مفتاح اسماعیل کے بے بنیاد الزامات مسترد کردیے ہیں۔
ایک بیان میں علی زیدی کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے خط پر ایگزون موبل کا جواب وزیراعظم ہاؤس کو بھیج دیا ہے اور خاقان اور مفتاح کے لگائے گئے الزامات پر تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
علی زیدی کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان اور مفتاح اسماعیل کے بے بنیاد الزامات سے متعلق ان کے خط پر ایگزون موبل نے نہ صرف فضول باتوں کی تردید کی ہے بلکہ شکایت بھی درج کرائی ہے، ایگزون موبل نے واضح کیاہےکہ ایسے بے بنیاد الزامات سے ملٹی نیشنل کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے۔
وفاقی وزیر نے ن لیگی رہنماؤں پر تنقید کرتے ہوئےکہا کہ وزیراعظم عمران خان کی کارکردگی سے ان کرپٹ کارٹونوں پر بوکھلاہٹ سوار ہے، ان کے بیانات نے پاکستان کے عالمی تاثر کو نقصان پہنچایا ہے، وقت آگیا ہے کہ یہ اہم سوالات پوچھے جائیں۔
انہوں نےکہا کہ کرپٹ کارٹونوں نے شریف خاندان کو بچانے کے لیے پاکستان کی بدنامی کی۔