Time 04 اگست ، 2021
پاکستان

کراچی: دن کی روشنی میں ڈکیتی کی خونی واردات، دو افراد ہلاک

کراچی شہر میں دن کی روشنی میں ڈکیتی کی خونی واردات ہوئی جس میں مسلح ملزمان نے منی ایکسچینج کی گاڑی پر فائرنگ کی اور رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔

فائرنگ کے نتیجے میں دو ملازمین موقع پر جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا تاہم واردات میں ایک ملازم حیرت انگیز طور پر محفوظ رہا۔

پولیس حکام کے مطابق منی ایکسچینج کی گاڑی میں چار افراد موجود تھے جو آئی آئی چندریگر روڈ سے 6 ہزار ڈالر لے کر نکلے اور بفرزون میں نجی بینک لائے جہاں سے اسے ایکسچینج کر کے 9لاکھ 85ہزار روپے حاصل لیے اور جیسے ہی بینک سے نکلے موٹرسائیکل سوارملزمان ان کے پیچھے لگ گئے۔

پولیس کے مطابق منی چینجر کی وین نے ایک جگہ سے چھ ہزار ڈالر لے کر بینک سے ایکسچینج کرائے تھے، بینک سے واپسی پر واردات کی گئی— فوٹو: آن لائن
پولیس کے مطابق منی چینجر کی وین نے ایک جگہ سے چھ ہزار ڈالر لے کر بینک سے ایکسچینج کرائے تھے، بینک سے واپسی پر واردات کی گئی— فوٹو: آن لائن

بفرزون میں ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) آفس سینٹرل رہائشی کالونی کے قریب ملزمان نے گاڑی کو ڈرامائی انداز میں روکا اور دو موٹرسائیکلوں پر سوارملزمان نے تین اطراف سے اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے منی ایکسچینج کے دو ملازمین موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک زخمی ہوا تاہم ایک ملازم معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔

ملزمان نے رقم سےبھرا تھیلا لیا اور با آسانی فرار ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور رینجرز موقع پر پہنچے اور روایتی طور پر شواہد اکھٹا کیے، حکام کے مطابق منی ایکسچینج انتظامیہ اس گاڑی کو ڈلیوری وین کے طور پر استعمال کرتی ہے۔

مزید خبریں :