05 اگست ، 2021
پاکستان بار کونسل نے جسٹس محمد علی مظہر کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کی مخالفت کردی۔
پاکستان بار کونسل کے اجلاس میں منظور ہونے والی قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ ججز کی تقرری سے متعلق پارلیمانی کمیٹی جسٹس محمد علی مظہر کی تعیناتی منظور نہ کرے، سپریم کورٹ میں تمام تعیناتیاں سینیارٹی کے اصول کو مدِنظر رکھ کر کی جائیں۔
اسلام آباد میں ہونے والے پاکستان بار کونسل کے اجلاس میں ججز کی تقرری کے حوالے سے قرارداد منظور کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان بار کونسل جسٹس محمد علی مظہر کی تعیناتی کی مخالفت کرتی ہے، سپریم کورٹ میں ایڈہاک ججز کی تعیناتی کی مخالفت کرتے ہیں، پارلیمانی کمیٹی برائے ججز تقرری جسٹس محمد علی مظہر کی تعیناتی منظور نہ کرے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ جوڈیشل کمیشن ججز کی تعیناتی کے لیے شفاف اور غیر جانبدار طریقہ کار بنائے، پارلیمنٹ اور سیاسی جماعتیں 19 ویں آئینی ترمیم ختم کریں، پاکستان بار کونسل احتجاجاً جسٹس مشیر عالم کے لیے الوداعی ڈنر کا انعقاد نہیں کرے گی۔
قرار داد میں مطالبہ کیا گیا کہ جوڈیشل کمیشن اپنے رولز میں ترمیم کے لیے فوری اجلاس بلائے، تمام عدالتوں کے رجسٹرار سول سروس کے بجائے عدلیہ میں سے لگائے جائیں، ججز کی ریٹائرمنٹ کے بعد انہیں کسی عہدے پر تعینات نہ کیا جائے۔
قرار داد کے مطابق عدلیہ میں ججز کی تعیناتی پر آل پاکستان وکلا کنونشن بلایا جائے گا، بار کونسلز سینیارٹی کے اصول اور میرٹ کے لیے تمام اقدامات کرے گا۔