10 اگست ، 2021
دنیا میں امیر ترین شخصیات کی درجہ بندی سالانہ بنیادوں پر تبدیل ہوتی رہتی ہے جس میں ان کی مالیاتی کارکردگی اور اثاثوں کی مجموعی مالیت کو مد نظر رکھا جاتا ہے۔
ذیل میں دنیا کے 20 امیر ترین افراد سے متعلق چند دلچپسپ معلومات کا احاطہ کیا جارہا ہے جن سے شاید آپ واقف نہ ہوں۔ خیال رہے کہ ان افراد کے اثاثوں کی مالیت اور درجہ بندی 7 مارچ 2021 تک کے فوربز کے اعداد و شمار پر مبنی ہے۔
1۔ برنالڈ ارنالٹ
موئٹ ہینسی لوئس ووٹن (ایل وی ایم ایچ) نامی فرانسیسی کمپنی کے چیف ایکزیگٹیو برنالڈ ارنالٹ 198.8 ارب ڈالر مجموعی اثاثوں کے ساتھ دنیا کے امیر ترین شخص بنے۔ ان کی 70 سے زائد مختلف اقسام کی کمپنیاں دنیا کے مختلف ممالک میں قائم ہیں۔ ان کی کمپنیاں پرتعیش مصنوعات تیار کرتی ہیں جو صرف دولت مند افراد استعمال کرتے ہیں۔
2۔ جیف بیزوس
2019 میں اپنی اہلیہ سے علیحدگی اختیار کرنے کے باعث کمپنی کے شیئرز کا ایک چوتھائی حصہ اپنی سابقہ اہلیہ کو منتقل کرنے کے باوجود بھی معروف آن لائن اسٹور ایمازون کے بانی جیف بیزوس 198.4 بلین ڈالر کے مالک ہیں اور اس سال بھی دنیا کے دوسرے امیر ترین شخصیت قرار پائے ہیں۔
3۔ ایلن مسک
اپنی معروف کار بنانے والی کمپنی ٹیسلا کے ذریعے برقی کار کے منصوبوں اور خلائی کے نقل و حمل میں انقلاب برپا کرنے والے ایلن مسک 184.7 ارب ڈالر اثاثوں کے مالک ہیں جبکہ ان کی اسپیس ایکس نامی راکٹ کمپنی کی قدر تقریباً 100ارب ڈالر ہوگئی ہے۔
4۔ بل گیٹس
بل اور میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک بانی بل گیٹس کے اثاثوں کی مجموعی مالیت 131.6 ارب ڈالر ہے جنہوں نے کئی برس قبل سافٹ ویئر کمپنی مائیکرو سافٹ کی بنیاد رکھی تھی لیکن بعد ازاں انہوں نے بالآخر کمپنی میں اپنا ایک فیصد حصہ رکھتے ہوئے بقیہ تمام حصوں کو فروخت کردیا تھا اور دیگر اسٹاکس اور اثاثوں میں سرمایہ کاری کیلئے لگادیا تھا۔
5۔ مارک زکربرگ
معروف سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’فیس بک’ کے شریک بانی مارک زکر برگ کے اثاثوں کی مجموعی مالیت 129.2 بلین ڈالر ہے۔ 2012 میں کمپنی کے پبلک ہونے کے بعد سے زکر برگ اب کمپنی کے صرف 15 فیصد شیئرز کے مالک ہیں۔
6۔ لیری ایلیسن
امریکی تاجر لیری ایلیسن نے 1977 میں اوریکل نامی سافٹ ویئر کمپنی کی بنیاد رکھی جس کی بدولت کمائی گئی رقم کی وجہ سے وہ 117.1 ارب ڈالر کے مالک ہیں۔ بعد ازاں لیری 2014 میں کمپنی کے چیف ایکزیگٹیو کے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے، جس کے بعد سے وہ بورڈ کے چیئرمین اور کمپنی کے چیف ٹیکنالوجی ایڈوائزر کی حیثیت سے اپنے فرائج انجام دے رہے ہیں۔
7۔ لیری پیج
معروف ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کے شریک بانی لیری پیج کے اثاثوں کی مجموعی مالیت 115.5 ارب ڈالر ہونے کی وجہ سے وہ دنیا کے دس امیر ترین شخصیات کی فہرست میں شامل ہیں۔ انہوں نے پلینٹری ریسورسز نامی مشہور خلائی جائزے کی کمپنی میں سرمایہ کاری سمیت دیگر ’فلائنگ کار‘ (اڑنے والے گاڑی) کی کمپنیوں میں بھی فنڈنگ کی ہوئی ہے۔
8۔ سرگرے برن
گوگل کی پیرنٹ کمپنی الفابیٹ کے شریک بانی اور کمپنی بورڈ کے رکن سرگرے برن کے اثاثوں کی مجموعی مالیت 112 ارب ڈالر ہے۔ سرگرے برن نے اپنے دوست لیری پیج کے ہمراہ 1998 میں گوگل کی بنیاد رکھی تھی جسے 2004 میں پبلک کردیا گیا تھا۔
9۔ وارن بوفیٹ
وارن بوفیٹ کا شمار دنیا کے کامیاب سرمایہ داروں میں ہوتا ہے۔ 1839 میں قائم کردہ برکشائر ہتھوے کمپنی کے مالک ہیں جس کو انہوں نے 1965 میں خریدا تھا۔ اس فرم کی نگرانی میں 60 مشہور کمپنیاں کام کر رہی ہیں، وارن بوفیٹ اس وقت 101.3 بلین ڈالر کے مالک ہیں۔
10۔ فرانکوئس بیٹن کورٹ میئرز
فرانس سے تعلق رکھنے والی 68 سالہ فرانکوئس بیٹن دنیا کی امیر ترین خاتون ہیں جن کی والدہ کے والد نے مشہور کاسمیٹکس برانڈ ’لوریال‘ کی بنیاد رکھی تھی۔ اس فرم کی فرانکوئس بیٹن 33 فیصد حصے کی مالک ہیں اور ان کے اثاثوں کی کل مالیت 92.3 ارب ڈالر ہے۔
11۔ اسٹیو بالمر
اسٹیو بالمر نے2004 سے 2014 تک مائیکرو سافٹ کے چیف ایگزیکٹیو کی حیثیت سے فرم کی قیادت کی اور انتہائی کڑے وقت میں ان کی قابل قیادت کی بدولت کمپنی پائیداری اور ترقی کی جانب گامزن ہوئی۔ اسٹیو بالمر کے مجموعی اثاثوں کی مالیت 84.4 ارب ڈالر ہے، انہوں نے 2018 میں ’سوشل سولیوشنز‘ نامی کمپنی میں 59 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی تھی جو سرکاری ایجنسیوں اور این جی اوز کیلئے سافٹ ویئر بناتی ہے۔
12۔ مکیش امبانی
ریلائنس انڈسٹریز کے بانی و چیئرمین مکیش امبانی کی مجموعی دولت 80.4 ارب ڈالر ہے۔ امبانی بھارت میں آئل اور گیس کی سب سے بڑی کمپنیوں سمیت مشہور ٹیلی کام کمپنی بھی چلاتے ہیں جبکہ بھارت سے تعلق رکھنے والے مکیش امبانی کی پیدائش یمن کے شہر عدن میں ہوئی تھی اور انہوں نے کئی عرصہ برطانیہ میں بھی گزارا ہے۔
13۔ امانسیو اورٹیگا
امانسبو اورٹیگا کپڑے سازی کی صنعت سے وابستہ ہیں اور 78.8 بلین ڈالر کے مالک ہونے کے تحت یورپ کے مالدار شخص بھی ہیں۔ اورٹیگا انڈی ٹیکس نامی کمپنی کے مالک ہیں جس کی ایک معروف فیشن چین ’زارا‘ بھی ہے۔ زارا سمیت دیگر 8 برانڈز کے تقریباً 60 فیصد حصے کے وہ مالک ہیں جبکہ ان کمپنیوں کے دنیا بھر میں ساڑھے سات ہزار سے زائد اسٹورز بھی قائم ہیں۔
14۔ ژونگ شان شان
چین سے تعلق رکھنے والے ژونگ شان شان مشروبات سمیت فارما کمپنی کے بھی مالک ہیں جن کے اثاثوں کی مجموعی مالیت 74 ارب ڈالر ہے۔ انہوں نے مشروب ساز کمپنی ’نانگ فو اسپرنگ‘ کا آغاز کرنے سے قبل صحافت بھی کی اور تعمیراتی شعبے میں مزدور کی حیثیت سے بھی کام کیا۔
15۔ کارلوس سلم
میکسیکو سے تعلق رکھنے والے 81 سالہ کارلوس سلم 73.9 ارب روپے کے مالک ہونے کے ساتھ اپنے ملک کے مالدار شخص ہیں، وہ لاطینی امریکا میں سب سے بڑی موبائل ٹیلی کام کمپنی ’امریکا موول‘ کے چیئرمین ہیں۔
16۔ جم والٹن
معروف ریٹیل کمپنی ’وال مارٹ‘ کے مالک سیم والٹن کے سب سے چھوٹے بیٹے جم والٹن امریکا میں موجود ’اروسٹ بینک‘ کے 44 فیصد حصوں کے مالک ہیں جوکہ 65.2 ارب ڈالر بنتے ہیں۔ باقی شیئرز ان کے دیگر رشتہ داروں کے پاس ہیں۔
17۔ ایلس والٹن
بانی وال مارٹ سیم والٹن کی صاحب زادی ایلس والٹن نے اپنے دو بھائیوں کی طرح وال مارٹ کے لیے کام کرنے کے بجائے کیوریٹنگ آرٹ پر توجہ مرکوز رکھی، 2011 میں انہوں نے ایک میوزیم قائم کیا جسے میوزیم آف امریکن آرٹ کہا جاتا ہے۔ ایلس والٹن کی مجموعی دولت اپنے سب سے چھوٹے بھائی کے مقابلے میں 40 کروڑ ڈالر کم یعنی 64.8 بلین ڈالر ہے۔
18۔ روب والٹن
سیم والٹن کے سب سے بڑے بیٹے روبسن والٹن کا نام دنیا کے 20 امیر ترین شخصیات کی فہرست میں شمار ہوتا ہے۔ ان کی مجموعی دولت 64.4 بلین ڈالر ہے۔
19۔ فل نائٹ
معروف جوتے بنانے والی کمپنی ’نائیکی‘ کے شریک بانی 83 سالہ فل نائٹ 61.8 ارب ڈالر کے مالک ہیں۔
20۔ مائیکل بلوم برگ
امریکی شہر نیو یارک کے سابق میئر اور مشہور نشریاتی اداے بلوم برگ کے بانی چیئرمین مائیکل بلوم برگ دنیا کے بیسویں امیر ترین شخصیت ہیں جن کی مجموعی دولت 59 بلین ڈالرز ہے۔
خیال رہے کہ آج فوربز نے 2021 کے امیر ترین افراد کی تازہ ترین فہرست بھی جاری کردی ہے جس میں طویل عرصے بعد بل گیٹس کو فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے پیچھے چھوڑا ہے۔ مکمل فہرست آپ یہاں دیکھ سکتے ہیں۔