Time 10 اگست ، 2021
دنیا

افغان ائیرفورس کے پائلٹس قتل ہونےکے ڈر سے نوکریاں چھوڑنے لگے

حالیہ دنوں میں مختلف واقعات میں افغانستان میں 8 پائلٹ ہلاک ہوچکے ہیں،فوٹو: فائل
حالیہ دنوں میں مختلف واقعات میں افغانستان میں 8 پائلٹ ہلاک ہوچکے ہیں،فوٹو: فائل

افغانستان میں قتل ہونےکے ڈر سے ائیرفورس کے متعدد پائلٹس نے نوکریاں چھوڑ دیں۔

برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق قتل ہونے کے ڈرسے افغانستان میں پائلٹس افغان ائیرفورس کی نوکریاں چھوڑ کر جارہے ہیں۔

نام نہ بتانے کی شرط پر ایک افغان پائلٹ نےبرطانوی میڈیا کو بتایاکہ وہ اپنے ایسے 19 ساتھیوں کو جانتے ہیں جنہوں نے حالیہ دنوں میں ائیرفورس کو چھوڑا کیونکہ افغان حکومت ان کی زندگی کے تحفظ کی یقین دہانی نہیں کراسکی، پائلٹ نے کہا کہ وہ بھی نوکری چھوڑنے پر غور کررہا ہے۔

خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں مختلف واقعات میں افغانستان میں 8 پائلٹ ہلاک ہوچکے ہیں،ہفتے کو کابل میں ایک کار بم دھماکے میں بلیک ہاک کے پائلٹ حمید اللہ عزیمی کو ہلاک کیا گیا تھا، دھماکے میں دیگر پانچ افراد زخمی ہوئے تھے۔

دوسری جانب افغانستان میں سکیورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں اور 11 صوبوں میں افغان فورسز کے 24گھنٹوں کے آپریشن میں 361طالبان جنگجو ہلاک ہوچکے ہیں۔

افغان وزارت دفاع کا کہنا ہےکہ افغان فورسزنے 24 گھنٹوں میں ننگرہار،کنڑ،لوگرسمیت 11 صوبوں میں آپریشن کیے۔

گورنر بغلان نے کہا ہے کہ دارالحکومت پُل خمری میں طالبان کےحملے پسپا کردیے گئے ہیں اور طالبان کا بھاری جانی نقصان ہواہے جب کہ طالبان نے پل خمری شہرکےڈسٹرکٹ 2 میں پیشرفت کا دعویٰ کیاہے۔

مزید خبریں :