Time 13 اگست ، 2021
دنیا

طالبان کی پیشقدمی جاری، افغان صدر کے آبائی صوبے پر بھی قبضہ کرلیا

افغانستان میں طالبان کی پیش قدمی جاری ہے اور مزید صوبوں کے دارالحکومتوں پر قبضہ کرلیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق صوبے اروزگان کا دارالحکومت ’ترین کوٹ‘، صوبے لوگر کا دارالحکومت ’پل علم‘ اور صوبے زابل کا دارالحکومت ’قلات‘ بھی طالبان کے کنٹرول میں چلے گئے۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اب تک طالبان کو افغانستان کے 34 میں سے 18 صوبوں کے دارالحکومتوں پر کنٹرول حاصل ہوگیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق طالبان نے افغان صدر اشرف غنی کے آبائی صوبے لوگر کے دارالحکومت ’پل علم‘  کو کنٹرول میں لینے کے بعد گورنر اورشہری خفیہ ایجنسی کےسربراہ کو گرفتار کرلیا۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ لوگرمیں افغان فورسز نے 12 گھنٹے تک مقابلہ کیا لیکن اس کے بعد طالبان کے سامنے ہتھیار ڈال دیے۔

صوبہ لوگر افغان دارالحکومت کابل سے 80 کلومیٹر دور ہے اور یوں طالبان افغان دارالحکومت کے قریب پہنچ چکے ہیں۔

اروزگان کے گورنرافغان فورسز کے ہتھیار ڈالنے کے بعد کابل جانے کیلئے ائیرپورٹ روانہ ہوگئے۔

دوسری جانب امریکی میڈیا کے مطابق زابل کی صوبائی کونسل کے سربراہ نے تصدیق کردی ہے کہ دارالحکومت قلات بھی طالبان کے قبضے میں چلا گیا ہے۔ 

خیال رہے کہ اس سے قبل آج طالبان نے افغانستان کے دوسرے اہم شہر قندھار پر قبضہ کیا تھا۔

مزید خبریں :