14 اگست ، 2021
راولپنڈی میں ایک مدرسے کے تین بچے مبینہ طور پر زہریلا کھانا کھانے سے جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق تھانہ چونترہ کی حدود میں مدرسے کے تین طالب علم جاں بحق ہوئے، دو بچے مدرسے میں صبح مردہ پائے گئے جبکہ ایک بچے کی حالت تشویشناک تھی جو اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جنید، عباد اور اسلام دربار صروبہ کے مدرسے میں طالبعلم تھے، بچوں نے رات کے کھانے کے بعد منتظم سے پیٹ میں درد کی شکایت کی تھی۔
پولیس نے بچوں کی لاشیں ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم کے بعد حقائق واضح ہوں گے۔