کھیل
Time 16 اگست ، 2021

میسی کے آنسو والا ٹشو پیپرفروخت کیلیے پیش، قیمت جان کر دنگ رہ جائیں گے

ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے کچھ روز قبل ایک کانفرنس میں اپنے مشہور ہسپانوی فٹبال کلب بارسلونا کو الوداع کہنے کا اعلان کیا تھا۔—فوٹو: اے پی
ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے کچھ روز قبل ایک کانفرنس میں اپنے مشہور ہسپانوی فٹبال کلب بارسلونا کو الوداع کہنے کا اعلان کیا تھا۔—فوٹو: اے پی 

بارسلونا فٹ بال کلب کی الوداعی  پریس کانفرنس میں آنسو پونچھنے کیلئے لیونل میسی کا استعمال شدہ ٹشو  پیپر 1 ملین ڈالر( 16کروڑ پاکستانی روپے سے زائد)  میں فروخت ہونے کیلئے تیار ہے۔

ارجنٹائن کے  اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے کچھ روز قبل ایک پریس کانفرنس میں مشہور ہسپانوی فٹبال کلب بارسلونا کو الوداع کہنے کا اعلان کیا تھا۔

کانفرنس میں جب میسی نے بارسلونا کے ساتھ اپنے 21 سال کے سفر کے اختتام کا اعلان کیا تو وہ آبدیدہ ہوگئے اور جیسے  ہی میسی کی اہلیہ  نے اپنے شوہرکی آنکھوں میں آنسو دیکھے تو انہوں نے میسی کو ایک ٹشو پیپر دیا جس سے میسی نے آنسو صاف کیے اور پھینک دیا۔

تاہم پھینکا گیا ٹشو پیپر کوئی اٹھا لےگا اور اسے بیچنےکا اشتہار بھی لگا دے گا یہی کسی نے نہیں سوچا بھی نہیں ہوگا۔

ٹشو پیپر کی مالیت16کروڑ پاکستانی روپے سے زائدہے —فوٹو:گلف نیوزز
 ٹشو پیپر کی مالیت16کروڑ پاکستانی روپے سے زائدہے —فوٹو:گلف نیوزز

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پریس کانفرنس کے دوران ہال میں بیٹھے ایک شخص نے وہ ٹشو پیپر اٹھالیا اور اسے انٹرنیٹ پر ایک آن لائن ویب سائٹ پر 1 ملین ڈالر یعنی 16کروڑ پاکستانی روپے سے زائد میں  بیچنےکا اشتہار دےدیا ۔

اس شخص نے دعویٰ کیا کہ ٹشو پیپرمیں میسی کا خالص جینیاتی مواد موجود ہے جو آپ کو ان  جیسا فٹ بال کھلاڑی بننے میں مدد دے گا، اشتہار دینے والے شخص کا نام معلوم نہیں ہوسکا  ۔

یاد رہے کہ ارجنٹائن کے معروف فٹبال اسٹار لیونل میسی نے ہسپانوی فٹ بال کلب بارسلونا سے جدا ہونے کے بعد قطری ملکیت کے فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) سے دو سال کا معاہدہ کرلیا ہے۔

مزید خبریں :