15 اگست ، 2021
قومی ائیرلائنز (پی آئی اے) کی 2 پروازیں افغانستان میں پھنسے غیر ملکیوں کو لےکر اسلام آباد پہنچ گئیں۔
افغانستان سے امریکا اور اتحادی افواج کی واپسی کے بعد طالبان کے بڑھتے ہوئےکنٹرول کے باعث پھنسے ہوئے غیر ملکیوں کو نکالنے کے لیے پی آئی اےکا آپریشن شروع ہوگیا ہے جس کے پہلے مرحلے میں کابل سے 2 خصوصی پروازوں کے ذریعے غیر ملکیوں کو اسلام آباد پہنچا دیا گیا ہے۔
پی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارہ آج صبح 11 بجے اسلام آباد سے کابل پہنچا تھا، یہ پرواز پی کے 6250 کابل سے غیر ملکی مسافروں کو لے کر آج شام پانچ بجکر 25 منٹ پر واپس اسلام آباد پہنچی۔
پی آئی اے کی دوسری پرواز پی کے 6251 ساڑھے 6 بجے کابل سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوئی،یہ ائیر بس اے 320 بھی مسافروں کو لے کر اسلام آباد پہنچ گئی ۔
اس سے قبل کابل ائیرپورٹ پرمخصوص فوجی نقل وحرکت کے باعث پروازوں کی اجازت روک دی گئی تھی تاہم بعد میں اجازت دیدی گئی۔
سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی مزید کئی پروازیں آئندہ چند دنوں میں کابل سے غیر ملکیوں کو اسلام آباد پہنچ جائیں گی۔