Time 15 اگست ، 2021
دنیا

کابل سے آج خصوصی پرواز پرپاکستان پہنچنے والے وفد میں کونسے افغان رہنما شامل ہیں؟

شمالی افغانستان سے تعلق رکھنے والے تاجک وہزارہ کمیونٹی کے رہنما خصوصی پرواز سے پاکستان پہنچ گئے۔

کابل سے پاکستان پہنچنے والوں میں اسپیکر افغان قومی اسمبلی میررحمان رحمانی اور  سابق افغان صدر برہان الدین ربانی کے بیٹے صلاح الدین ربانی شامل ہیں۔

پاکستان پہنچنے والے اہم رہنماؤں میں تاجک رہنما اور سابق وزیرداخلہ یونس قانونی  سمیت  سابق افغان کمانڈر احمد شاہ مسعود کے دونوں بھائی احمد ضیا مسعود اور احمد ولی مسعود بھی شامل ہیں۔

افغان رہنماؤں میں ہزارہ کمیونٹی کے دو اہم رہنما استاد محقق اور کریم خلیلی بھی کابل سے پاکستان پہنچے ہیں،ان کے علاوہ بلخ کے سابق گورنرسردارعطانور کے بیٹے خالد نور بھی کابل سے پاکستان پہنچے ہیں۔

اسلام آبادائیرپورٹ پراسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصراور نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق نے افغان سیاسی وفد کا استقبال کیا۔

محمد صادق کے مطابق افغان سیاسی قیادت کے دورےکے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائےگا۔

خیال رہے کہ طالبان کی جانب سے کابل کے گھیراؤکے بعد افغان صدر اشرف غنی اور نائب صدر امراللہ صالح افغانستان چھوڑ کرچلے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق دونوں افراد تاجکستان کے دارلحکومت دوشنبے میں ہیں اور ان کے وہاں سے کسی تیسرے ملک روانہ ہونےکا امکان ہے۔

مزید خبریں :