دنیا
Time 15 اگست ، 2021

’ہمارے ہاتھ پیٹھ پر باندھ کر وطن بیچ دیا‘، افغان وزیردفاع اشرف غنی کے فرار پر برہم

طالبان کی جانب سے کابل کے گھیراؤکے بعد افغان صدر اشرف غنی افغانستان چھوڑ کرچلے گئے،فوٹو: فائل
طالبان کی جانب سے کابل کے گھیراؤکے بعد افغان صدر اشرف غنی افغانستان چھوڑ کرچلے گئے،فوٹو: فائل

افغانستان کے قائم مقام وزیر دفاع جنرل بسم اللہ محمدی اچانک ملک سے فرار ہونے پر افغان صدر اشرف غنی پر برس پڑے۔

سوشل میڈیا پراپنے بیان میں  جنرل بسم اللہ محمدی نے افغان صدر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 'اس نے ہمارے ہاتھ ہماری پیٹھ کے پیچھے باندھے اور وطن کو بیچ دیا ، غنی  اور اس کے گروہ پر لعنت ہو'۔

خیال رہے کہ اس بیان سے کچھ دیر قبل ہی جنرل بسم اللہ محمدی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ افغان فورسز کابل کے دفاع کے لیے پُرعزم ہیں ، غیر ملکی افواج افغان فوج کی ہر طرح سے مدد کے لیے تیار ہیں ۔

جنرل بسم اللہ محمدی کا کہنا تھا کہ لوگوں کا اعتماد ختم کرنےکے لیے دشمن پروپیگنڈا کررہا ہے، معاملات طے پانے تک کابل کے محفوظ ہونے کا یقین دلاتے ہیں ۔

اب افغان صدر اشرف غنی کے ملک سے فرار ہونے کے بعد جنرل بسم اللہ محمدی نے سخت ناراضی کا اظہار کیا ہے۔

طالبان کی جانب سے کابل کے گھیراؤکے بعد افغان صدر اشرف غنی اور نائب صدر امراللہ صالح  افغانستان چھوڑ کرچلے گئے ہیں۔

برطانوی اخبار ٹیلی گراف نے تاجک میڈیا کے حوالے سے دعویٰ کیا ہےکہ اشرف غنی نائب صدر امراللہ صالح کے ہمراہ کابل سے تاجکستان چلےگئے ہیں  اور ان کے وہاں سے کسی تیسرے ملک روانہ ہونےکا امکان ہے۔

اس حوالے سے افغانستان کی اعلیٰ قومی مصالحتی کونسل کے چیئرمین عبداللہ عبداللہ نے اشرف غنی کو سابق صدرکہتے ہوئے تصدیق کی ہےکہ وہ افغانستان سے جاچکے ہیں۔

مزید خبریں :