16 اگست ، 2021
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے مقبول ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک کیلئے ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے اسے بند کرنے پر زور دیا ہے۔
حال ہی میں شاہد آفریدی معروف گلوکار و سماجی کارکن شہزاد رائے کے ہمراہ نجی ٹی وی کے پروگرام میں شریک ہوئے۔
انٹرویو کے دوران اسٹار کرکٹر نے شہزاد رائے سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ہر چیز کیلئے آواز اٹھاتے ہو، ٹک ٹاک تو بند کراؤ، یہ کیا بات ہوئی کبھی بند کردیتے ہیں کبھی کھول دیتے ہیں، یہ لوگ کیا کررہے ہیں۔
بوم بوم آفریدی نے گلوکار سے کہا کہ آپ اسلام آباد جارہے ہیں تو وہاں سے یہ ایپ بند کروا کے آئیے گا۔
شاہد آفریدی نے ٹک ٹاک کو ایک بڑا مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک کے بہت سے دور دراز علاقوں میں تعلیم پہنچی نہیں ہے، وائی فائی پہلے پہنچ گیا ہے، اسے چلانے کیلئے بھی آپ کو تعلیم کی ضرورت ہے۔
کرکٹر کا کہنا تھا کہ ٹک ٹاک کو لے کر اب تک کتنے ہی واقعات ہوچکے ہیں، لوگوں کو پتا ہی نہیں ہے کہ اسے کیوں استعمال کیا جانا چاہیے، اسے کتنا اور کیسے استعمال کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 12، 13 سال کے بچوں کے ہاتھوں میں موبائل دیکھ کر حیران ہوجاتا ہوں، میری بیٹی ابھی 19 سال کی ہوئی ہے اب میں نے اسے فون دیا ہے۔