دنیا
Time 16 اگست ، 2021

تاجک وزارت خارجہ نے اشرف غنی کے تاجکستان آنے کی تردید کردی

تاجک وزارت خارجہ نے افغان صدر اشرف غنی کے تاجکستان آنے کی تردید کردی۔

 تاجکستان کی وزارت خارجہ سے جاری  بیان میں کہا گیا ہےکہ اشرف غنی کا طیارہ تاجک فضائی حدود میں آیا نہ تاجکستان میں اترا ہے اور نہ ہی اس حوالے سے ہم سے کوئی درخواست کی گئی ہے۔

خیال رہےکہ گذشتہ روز طالبان کی جانب سے افغان دارالحکومت کابل کا گھیراؤ کرنے کے بعد  افغان صدر اشرف غنی اور نائب صدر امراللہ صالح  بذریعہ ہوائی جہاز افغانستان چھوڑ کرچلے گئے تھے۔

برطانوی اخبار ٹیلی گراف نے تاجک میڈیا کے حوالے سے دعویٰ کیا تھاکہ اشرف غنی نائب صدر امراللہ صالح کے ہمراہ کابل سے تاجکستان چلےگئے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ دونوں افراد تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں ہیں اور ان کے وہاں سے کسی تیسرے ملک روانہ ہونےکا امکان ہے۔

ملک سے فرار کے بعد اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر بیان میں اشرف غنی نے کہا تھا کہ آج مجھے ایک مشکل فیصلہ کرنا پڑا اور ملک کو چھوڑنا پڑا۔

ان کا کہنا تھاکہ طالبان نے دھمکی دی تھی کہ مجھے ہٹانے کے لیے کابل پر حملوں کے لیے تیار ہیں لیکن میں نے خونریزی کو روکنےکے لیے ملک سے نکلنے کا فیصلہ کیا۔ 

افغانستان میں سربراہ مملکت کا اعلان نہ ہوسکا

دوسری جانب افغانستان کے صدر اشرف غنی کے ملک سے فرار کے بعد اب تک سربراہ مملکت کا اعلان نہیں ہوسکا ۔

 طالبان نے کابل سمیت دیگر قبضہ کیے گئے صوبائی دارالحکومتوں میں شیڈو گورنرز کا اعلان کردیا ہے لیکن اب تک مملکت کے امیر یا سربراہ کا اعلان نہیں کیا ہے۔

مزید خبریں :