17 اگست ، 2021
صوبہ سندھ میں کورونا وبا کی وجہ سے بند تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزير تعلیم سندھ کی زير صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ جن تعلیمی اداروں میں ویکسی نیشن 100 فیصد ہے وہ 100 فیصد حاضری کے ساتھ تعلیمی سرگرمیاں شروع کرسکتے ہیں۔
اجلاس کے بعد وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ پیر 23 اگست سے اسکولز کھولنے کا فیصلہ کیاہے، 100 فیصد ویکسینیٹڈ اسٹاف والے اسکولز پیر سے 100 فیصد حاضری کے ساتھ تعلیمی سرگرمیاں بحال کرسکیں گے جبکہ جن اسکولز کے عملے مکمل طور پر ویکسینیٹڈ نہیں وہ 50 فیصد حاضری کےساتھ 6 دن اسکولز کھول سکتے ہیں۔
سردار شاہ نے مزید بتایا کہ طلبہ کے والدین میں سےکوئی ایک اپنا نادرا کا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ جمع کرائےگا، اسکولوں میں ایس او پیز کی مانیٹرنگ کی جائے گی، جمعے کو ورکنگ کمیٹی کا اجلاس ہوگا، سیکرٹری اسکولز ورکنگ کمیٹی کے سربراہ ہوں گے، نجی، کیتھولک، فاؤنڈیشن اسکولز اور ڈی جی پرائیوٹ اسکولز کمیٹی کے ممبر ہوں گے۔
یکساں نظام تعلیم کے حوالے سے سردار شاہ نے بتایا کہ منشور میں پی ٹی آئی نے لکھا کہ یکساں نصاب تعلیم نافذکریں گے، جمہوری نظام میں فیصلے نافذ نہیں ہوتے، مشاورت سے فیصلے ہوتے ہیں، یکساں نظام تعلیم میں سائنس کے مضامین پر تعاون ہوسکتا ہے، معاشرتی علوم ہم خود پڑھائیں گے۔