18 اگست ، 2021
افغانستان کے سابق صدراشرف غنی کے بھائی حشمت غنی احمد زئی نے بھائی کی موجودگی کا مقام بتادیا۔
میڈیا سے گفتگو میں حشمت غنی کا کہنا تھاکہ امیدہے کہ طالبان افغان عوام کوامن دیں گے، طالبان کے آنے سے اب تک کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ اشرف غنی اور حامد کرزئی کے دور اقتدارمیں کرپشن عام تھی، امید ہے آنے و الی حکومت میں اہل لوگ شامل ہوں گے۔
امراللہ صالح کے حوالے سے حشمت غنی کا کہنا تھاکہ امر اللہ صالح سیاسی بندہ نہیں، اس کے پاس دو لوگ نہیں، امر اللہ صالح سوشل میڈیا پرسیاست کررہا ہے جبکہ پنجشیر کے عمائدین بھی لڑنے کو ترجیح نہیں دیتے۔
ان کا کہنا تھاکہ طالبان لمحہ بہ لمحہ میری خیریت معلوم کرنےکیلئے کال کررہے ہیں۔
بھائی کے حوالے سے حشمت غنی کا کہنا تھاکہ میری معلومات کے مطابق اشرف غنی مشرق وسطیٰ میں ہے۔
خیال رہے کہ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں طالبان کے داخلے کے بعد سابق صدر اشرف غنی ملک سے فرار ہوگئے تھے۔
ان کے فرار کے بعد رپورٹس سامنے آئیں تھیں کہ وہ تاجکستان فرار ہوئے تاہم تاجک وزارت خارجہ نے تردید کی ہے۔