18 اگست ، 2021
نوبیل امن انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے کہا ہے کہ انھیں اپنی افغان بہنوں سے متعلق خدشات ہیں۔
ملالہ یوسف زئی کا کہنا تھا کہ افغانستان میں لڑکیوں کویونیورسٹیوں اورخاتون کارکنوں کودفاتر سے واپس بھیجے جانے کی خبریں ملی ہیں۔
نیویارک ٹائمز میں شائع مضمون میں ملالہ نے لکھا کہ وہ اپنے کیریئر کے راستے پر گامزن ہیں اور اب یہ تصور نہیں کرسکتیں کہ وہ ایک ایسی زندگی کی طرف واپس جائیں گی جو ان کے بندوق بردار مرد طے کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ مگر افغان بچیاں پھر سے اسی مقام پر ہیں جس مقام پر کبھی وہ تھیں اور انھیں یہ خدشہ ہے کہ وہ بچیاں دوبارہ اپنے کلاس روم کی شکل نہیں دیکھ سکیں گی۔
یاد رہے کہ کچھ روز قبل برطانیہ میں مقیم ملالہ یوسف زئی نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کو افغانستان کی موجودہ صورتحال پر فون کیا تھا اور وہاں خواتین کے حقوق پر بات کی تھی۔