18 اگست ، 2021
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں طالبان کے داخل ہونے کے بعد اشرف غنی ملک سے فرار ہوگئے تھے۔
روس نے دعویٰ کیا تھاکہ اشرف غنی افغانستان سے فرار ہوتے ہوئے اپنے ساتھ پیسوں سے بھری 4 گاڑیاں اور ایک ہیلی کاپٹر بھی لے گئے تھے۔
رپورٹس کے مطابق سابق افغان صد ر کو کچھ پیسے چھوڑ کر بھی جانا پڑا کیونکہ ان کے پاس مزید پیسے رکھنے کی گنجائش موجود نہیں تھی۔
تاہم اب برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے صحافی کاوون خاموش کے مطابق تاجکستان میں افغان سفیر ظاہر اغبار نے اشرف غنی کے پاس موجود رقم کا بتادیا ہے۔
انہوں نے ٹوئٹ میں کہا کہ ’تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں افغان سفیر نے کہا کہ کابل سے فرار ہوتے وقت اشرف غنی بیگوں میں 16 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز بھر کر لے گئے ہیں‘۔
خیال رہے کہ اشرف غنی 15 اگست کو فیملی اور قریبی ساتھیوں کے ہمراہ ملک سے فرار ہوگئے تھے اور اب متحدہ عرب امارات نے تصدیق کی ہے کہ اشرف غنی امارات میں موجود ہیں۔