20 اگست ، 2021
سنگاپور میں ماسک نہ پہننے پر 6 ہفتے کی سزا کاٹنے والے برطانوی شہری کو اب ملک بدر کیے جانے کا بھی امکان ہے۔
حکام کے مطابق ماسک نہ پہننے پر 40 سالہ بینجمن گلن کو 6 ہفتے کی سزا سنائی گئی تھی جس میں انہوں نے دو ہفتے ذہنی صحت کے ادارے میں بھی گزارے۔
گلن دوبیٹیوں کے والد ہیں جن کا تعلق برطانوی ریاست یارکشائر سے ہے، رواں برس مئی کے مہینے میں ٹرین میں سفر کے دوران ان پر کورونا وائرس کی ایس او پیز کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
حکام نے ان پر الزام عائد کیا کہ گلن عوام کو پریشان کرنے کا سبب بنے اور انہوں نے سرکاری ملازمین کو بھی دھمکایا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملک کی امیگریشن اتھارٹی گلن کے خلاف کارروائی کر رہی ہے جو ان کی ملک بدری کے انتظامات کرے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرین میں سفر کے دوران ساتھی مسافر نے گلن کی بغیر ماسک پہنے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کردی تھی جس کے چند گھنٹوں کے بعد ہی پولیس نے اسے گرفتار کرلیا تھا۔
خیال رہے کہ سنگاپور کو سخت قوانین نافذ کرنے سے متعلق کافی مقبول سمجھا جاتا ہے اور وبا کے دوران وہاں ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر کئی افراد کو جیل بھیجا گیا۔