20 اگست ، 2021
لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں خاتون کے ساتھ دست درازی کے واقعے پر ڈی آئی جی آپریشنز سمیت متعدد افسران کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں صوبے میں امن و امان کے حوالے سے پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر آئی جی پنجاب انعام غنی نے گریٹر اقبال پارک میں خاتون کے ساتھ پیش آئے افسوسناک واقعے پر ابتدائی رپورٹ وزیراعلیٰ کو پیش کی۔
اجلاس سے خطاب میں وزیراعلیٰ پنجاب نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گریٹر اقبال پارک میں خاتون سے دست درازی اور دیگر واقعات پر پولیس کا ردعمل سست رہا ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی کو او ایس ڈی بنا دیا گیا جبکہ ایس ایس پی آپریشنز اور ایس پی کو بھی عہدوں سے ہٹا دیا گیا، دونوں متعلقہ افسران کو سی پی او آفس رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ رسپانس میں تاخیر اور فرائض سے غفلت پر ڈی ایس پی اور ایس ایچ او لاری اڈہ کو بھی معطل کر دیا گیا ہے جبکہ گریٹر اقبال پارک کے پراجیکٹ ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر کو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔