20 اگست ، 2021
کنگسٹن میں ہونے والے دوسرے اور سیریز کے آخری ٹیسٹ میں پاکستان نے پہلے دن کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز بنالیے ہیں۔
روشنی کم ہونے کی وجہ سے پہلے دن کا کھیل جلد ختم کردیا گیا ۔
جمیکا میں کھیلے جارہے میچ میں ویسٹ انڈیز کے کپتان کریگ بریتھ ویٹ نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
پاکستان ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا صرف 2 رنز پر پاکستان کے 3 بیٹسمین پویلین چلے گئے ۔
پہلے ہی اوور میں اوپنر عابد علی ایک رن بنا کر کیمار روچ کو وکٹ دے بیٹھے جس کے بعد اظہر علی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جبکہ عمران بٹ بھی ایک رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
3 وکٹیں گرنےکے بعد کپتان بابر اعظم اور فواد عالم نے ٹیم کی بیٹنگ کو سہارا دیا ،دونوں بیٹسمینوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں ۔
کپتان بابر اعظم 75 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ فواد عالم نے 76 رنز اسکور کیے اور وہ ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے۔
پہلے دن کھیل کے اختتام تک پاکستان ٹیم نے 4 وکٹوں پر 212 رنز بنالیے ہیں جبکہ محمد رضوان 22 اور فہیم اشرف 23 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیمار روچ نے 3 اور جیڈن سیلز نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ٹاس کے موقع پر کپتان بابر اعظم کا کہنا تھاکہ پہلے بولنگ کرنا چاہتے تھے لیکن ٹاس ہمارے ہاتھ میں نہیں جبکہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے اور یاسرشاہ کی جگہ نعمان علی کو شامل کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو شکست دی تھی۔