21 اگست ، 2021
چنگچی رکشے میں بیٹھی لڑکی کے ساتھ نازیبا حرکت کرکے فرار ہونے والے اوباش نوجوان کی شناخت کرلی گئی ہے اور ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ جلد اسے گرفتار کرلیا جائے گا۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شاہراہ پر نوجوان ہلڑ بازی کررہے ہیں اور اسی دوران چنگچی رکشہ میں جانے والے ایک لڑکی کو نوجوان رکشے میں چڑھ زبردستی بوسہ دیکر فرار ہوتا ہے اور لڑکی ہکا بکا رہ جاتی ہے۔
اب اس حوالے سے ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ ملزم ٹریس ہوگیا ہے، گرفتارکرکے سخت سزا دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس نے تمام دستیاب وسائل اور ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے اس نوجوان کو ٹریس کرلیا ہے، ٹریس کرنا اہم کام تھا کیوں کہ ویڈیو میں اس کا چہرہ نہیں تھا۔ ٹریس ہوگیا ہے تو گرفتاری بھی عمل میں آجائے گی۔
خیال رہے کہ لاہور میں 14 اگست کو گریٹر اقبال پارک میں بھی منچلوں نے ایک خاتون سے بدتمیزی کی،کپڑے پھاڑ ڈالے اور اسے ہوا میں اچھالتے رہے۔ اس واقعے میں بھی اب تک 66 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔