بہن کو چھیڑنے سے منع کرنے پر بااثر افراد کا تین بھائیوں پر تشدد

گجرانوالہ میں لڑکی کو چھیڑنے سے منع کرنے پر بااثر افراد نے لڑکی کے تین بھائیوں کو ڈیرے پر لے جاکر تشدد کا نشانہ بناڈالا۔

تشدد کی ویڈیو منظر عام پر آنے پر پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرلیا تاہم مرکزی ملزم فرار ہے۔

پولیس کے مطابق تشدد کا واقعہ دو روز قبل ڈوگراں والا میں پیش آیا جہاں لڑکی کو تنگ کرنے پر اس کے بھائیوں نے ملزمان کو منع کیا تو وہ تینوں بھائیوں کو اغواء کر کے ذیشان عرف طارق ٹیڈی کے ڈیرے پر لے گئے۔

وہاں تینوں پر مرغا بنا کر پہلے تشدد کیا گیا اور پھر پانچ گھنٹے قید میں رکھنے کے بعد چھوڑ دیا گیا۔

ویڈیو سامنے آنے کے بعد پولیس نے ذیشان عرف طارق ٹیڈی سمیت 9 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

پولیس کے مطابق تین ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے تاہم مرکزی ملزم سمیت باقی ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

مزید خبریں :