22 اگست ، 2021
طالبان کے افغانستان پر مکمل کنٹرول کے بعد افغان شہریوں سمیت غیر ملکیوں کا انخلا جاری ہے، اسی انخلا کے دوران امریکی فوجی طیارے میں سوار ایک افغان خاتون نے جرمنی کی ائیر بیس پر بچی کو جنم دے دیا۔
امریکی فضائیہ نے ٹوئٹر پر واقعے کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ایک افغان خاتون نے ہفتے کے روز جرمنی کے رامسٹین ائیر بیس پر بچی کو جنم دیا ہے۔
امریکی فضائیہ نے کہا کہ اونچائی پر ہونے کے سبب طیارے میں ہوا کا دباؤ کم تھا جس کی وجہ سے حاملہ خاتون کی حالت بگڑنے لگی تھی، جہاز کے کمانڈر نے ہوا کا دباؤ بڑھانے کے لیے پرواز کی بلندی کو کم کیا جس کی وجہ سے ماں اور بچے کی جان بچ گئی۔
امریکی فضائیہ کے جاری اعلامیے کے مطابق کمانڈر کے اس فیصلے نے ماں کی حالت بہتر اور بچی کی زندگی بچانے میں مدد کی۔
ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ طیارے کی رامسٹین ائیر بیس پر لینڈنگ کے بعد فضائیہ کے میڈیکل گروپ کے اہلکاروں نے خاتون کو سی 17 فوجی طیارے کے کارگو میں شفٹ کردیا جہاں انہوں نے بچی کی ڈیلیوری میں مدد کی۔
بعدازاں بچی اور ماں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں دونوں کی حالت اب پہلے سے بہتر بتائی جا رہی ہے۔