مینار پاکستان پر لڑکی سے دست درازی کے الزام میں مزید 30 ملزمان گرفتار

لاہور میں مینار پاکستان پر لڑکی سے دست درازی اور بے لباس کرنے کے الزام میں مزید 30 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا 

ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ گریٹر اقبال پارک واقعے کے حوالے سے پولیس ٹیموں نے گزشتہ رات فیصل آباد، قصور اورشیخوپورہ میں چھاپے مارے جہاں سے مزید 30 ملزموں کو گرفتار کیاگیا۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک 407 مشتبہ افراد کو شامل تفتیش کرکے 92 کو گرفتار کر لیا گیا۔

دوسری جانب پولیس نے گرفتار کیے گئے مزید 30 افراد کو چہرے ڈھانپ کربکتربند گاڑی میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا۔

پولیس نے ملزمان کی شناخت پریڈ کیلئے جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا کی جس پر عدالت نے ملزموں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔

مجسٹریٹ نے ہفتے کے روز بھی40 افراد کو شناخت پریڈ کیلئے جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھجوایا تھا اور عدالت اب تک 70 ملزموں کی شناخت پریڈ کا حکم دے چکی ہے۔

خیال رہے کہ تھانا لاری اڈا پولیس نے مینار پاکستان پر خاتون سے دست درازی اور بے لباس کرنے کے الزام میں 400 سے زائد افراد کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے۔

مزید خبریں :