23 اگست ، 2021
پاکستان اور ترکی کی پروڈکشن کمپنیز کی جانب سے ایوبی سلطنت کے بانی سلطان صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر ٹی وی سیریز بنانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
معروف پاکستانی اداکار عدنان صدیقی معاہدے کے وقت وہاں موجود تھے جنہوں نے انسٹاگرام پر پوسٹ بھی شیئر کی۔
اداکار نے لکھا کہ ترکی کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے اپنے عزم کو آگے بڑھاتے ہوئے ہم دوستی کے ایک نئے باب کا آغاز کرتے ہیں، ہمیں امید ہے کہ یہ شاندار خیالات اور صلاحیتوں کے تبادلے کا باعث بنے گا۔
عدنان صدیقی نے مزید لکھا کہ یہ ہماری صنعتوں اور ناظرین کے لیے ایک جیت ہے جو مستقبل میں اچھے مواد کے انتظار میں ہوں گے۔
دوسری جانب پروڈیوسر کاشف انصاری نے معاہدے کی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں عدنان صدیقی نے بتایا کہ معاہدہ سربیا کے دارالحکومت بلغراد میں ہوا ہے۔
ویڈیو میں پروڈیوسر کاشف انصاری نے اہم بات بتائی کہ اس ٹی وی سیریز پر دونوں ممالک کے اداکار اور اسکرپٹ رائٹرز کام کریں گے۔
ترکی کی ایکلی فلمز کے سی ای او اور پروڈیوسر ایمرے کونوک نے بھی ٹوئٹر پر اردو اور انگریزی زبان میں اپنا بیان جاری کیا اور معاہدے سے متعلق اعلان کیا۔
واضح رہے کہ ایوبی سلطنت کے سلطان صلاح الدین نے صلیبیوں کو شکست دی تھی اور 1187 میں 9 دہائیوں بعد بیت المقدس کو دوبارہ آزاد کرایا تھا۔