Time 23 اگست ، 2021
دنیا

فوجی انخلا میں توسیع پر ردعمل آئیگا، طالبان نے امریکا کو خبردار کر دیا

غیر ملکی افواج کے انخلا کی تاریخ بڑھانے سے بداعتمادی پیدا ہو گی: ترجمان طالبان۔ فوٹو: فائل
غیر ملکی افواج کے انخلا کی تاریخ بڑھانے سے بداعتمادی پیدا ہو گی: ترجمان طالبان۔ فوٹو: فائل 

ترجمان افغان طالبان سہیل شاہین نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا میں توسیع پر ردعمل سامنے آئے گا۔

ترجمان طالبان سہیل شاہین کا برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کی تاریخ بڑھانے سے بداعتمادی پیدا ہو گی، غیر ملکی افواج کے انخلا میں توسیع کا مطلب افغانستان پر قبضےمیں توسیع ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر امریکا نے افغانستان سے فوجی انخلا کی 31 اگست کی ڈیڈ لائن بڑھائی تو  ہماری طرف سے ردعمل سامنے آئے گا۔

سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ افغانستان سے انخلا کرنے والے افغان شہریوں کو  جان کا خطرہ نہیں ہے بلکہ وہ غربت کے باعث اکنامک مائیگریشن کر  رہے ہیں۔

خیال رہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن نے حال ہی میں اپنے ایک بیان میں اس امید کا اظہار کیا کہ 31 اگست تک افغانستان سے غیرملکی انخلا مکمل ہو جائے گا جبکہ برطانیہ کا کہنا ہے کہ امریکا سے مطالبہ کریں گے کہ غیرملکیوں کے انخلا کی تاریخ 31 اگست سے بڑھائی جائے۔

مزید خبریں :